کراچی (اسٹاف رپورٹر)نامور اور باصلاحیت فنکارہ زوہا رحمن نے حال ہی میں اپنے کیریئر میں ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا۔ان کی تازہ ترین مختصر فلم عید مباک کو ڈزنی کے کرئیٹر نے اپنے ‘Flip the Script’فلم فنڈ کیلئے حاصل کرلیا۔ یہ ایک نمایاں کامیابی ہے؛ جس کا مطلب ہے کہ یہ فلم مشہور بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پیش کی جائے گی اور اس طرح ناظرین کی وسیع تعداد تک پہنچ سکتی ہے۔ماہ نور یوسف کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم عید مبارک ایک لائیو ایکشن مختصر فلم ہے جو مصنف اور ڈائریکٹر کے اپنے بچپن کی اصل کہانی پر مبنی ہے۔ٹیم کو امید ہے کہ اس فلم سے مغربی فلمی دنیا کے سامنے مسلم دنیا کاایسا تصور پیش کرے گی جو عالمگیر حیثیت رکھتی ہے اور جس سے مختلف ثقافتوں کے درمیان ایک دوسرے کو سمجھے کیلئے رابطے قائم ہوں گے۔رنگوں سے کمپوزیشن تک عید مبارک کے ہر فریم میں پوری ٹیم کی تخلیقی صلاحیت اور سخت محنت کا عکس نظر آتا ہے، جس میں نہ صرف امریکی شامل ہیں بلکہ پاکستانی فنکار بھی شامل ہیں جن کی منفرد صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔اس فلم کی شوٹنگ کراچی، پاکستان میں مئی 2022میں کی گئی جو پانچ دن تک 12گھنٹے روزانہ جاری رہی، جب کہ اس کی پوسٹ پروڈکشن لاس اینجلز، کیلیفورنیامیں گزشتہ موسم گرما میں مکمل ہوئی۔اس فلم کا پریمیئرفروری 2023کو چلڈرن فلم فیسٹیول سیٹل میں ہوگا جس سے زوہا کے کام کو ایک ایسا پلیٹ فارم ملے گا جس میں ان کو مختلف نوعیت کے ناظرین تک پہنچ کا موقع ملے گا۔زوہا کو سپائیڈر مین، فارفرام ہوم میں اداکاری سے شہرت ملی اور مارول یونیورس کی پہلی حجاب پہننے والی اداکارہ بن گئیں۔انہوں نے نیٹ فلیکس کی Yound Wallanderاور ایپل ٹی وی کی Foundationمیں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کا شہرہ بولی ووڈ تک بھی پہنچ گیا جہاں انہوں نے میگابایوگرافیکل اسپورٹس فیچر’83 میں شرکت کی۔زوہا این شمن جاہ کی ‘لارڈ کرزن کی حویلی ‘کی کاسٹ میں بھی شامل ہیں جو اس سال کے آخر میں فیسٹیول میں ریلیز کے لئے تیارہے۔