پشاور ( نیٹ نیوز/ نمائندہ خصوصی ) پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے میں 28 پولیس اہلکار شہید اور130افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو کے مطابق پشاور کے علاقے صدر پولیس لائنز میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ دھما کے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
ریسکیو کا کہنا ہےکہ دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں، سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو سیل کردیا۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے دھماکے میں28 پولیس اہلکاروں کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے اور 130سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔انتظامیہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا ہے کہ اسپتال میں خون کی اشد ضرورت ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیئے جائیں ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا نماز ظہر کے دوران پولیس لائنز کی مسجد میں ہوا ہے جس کے باعث مسجد میں موجود متعدد نمازی زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد میں نماز ادا کی جارہی تھی۔ذرائع کے مطابق دھماکے سے مسجد کی چھت نیچے آنے کی وجہ سے متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہو نے کا بھی خدشہ ہے جنہیں نکالنے کے لیے کرین منگوالی گئی ہے۔ سکیورٹی حکام
سکیورٹی حکام کا کہنا ہےکہ پولیس لائنز میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا اور خودکش حملہ آور مسجد کی پہلی صف میں موجود تھا جس نے نماز کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے بعد مسجد کی چھت نیچے آگری اور مسجد منہدم ہوگئی۔ذرائع کے مطابق پولیس لائنز صدر کا علاقہ ریڈزون میں ہے جو ایک حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے جس کے قریب حساس عمارتیں بھی ہیں جب کہ سی ٹی ڈی کا دفتر بھی پولیس لائنز میں ہی ہے، اس علاقے میں پشاور پولیس کے سربراہ اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا دفتر بھی ہے۔وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پشاور خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے اور انھوں نے انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری علاج معالجے کی ہدایات کی ہیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مذمت
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
پشاور سے نمائندہ خصوصی کے مطابق
پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق خود کش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ذرائع کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں باجماعت نمازِ ظہر ادا کی جا رہی تھی جس کے دوران دھماکا ہو گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ریسکیو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جو زخمیوں کو مسجد سے نکال رہے ہیں۔ریسکیوذرائع کے مطابق زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے