اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میں کیسے الیکشن کمیشن کو منشی کہنے سے پیچھے ہٹوں؟ میں اپنے بیان پر قائم ہوں، بیان سے پیچھے نہیں ہٹ رہا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر انکار ہونا تو ملک میں جمہوریت کو ختم کرنے کے مترادف ہے، میں نے اپنا بیان مانا ہے، میرا یہ حق ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر تالا لگانا پاکستان کو برما بنا دینے کے مترادف ہے، اگر عوام طاقت ور لوگوں کو تنقید کرنے سے پیچھے ہٹ جائیں تو یہ جمہوریت نہیں رہتی۔فواد چوہدری نے کہا کہ عزت اپنے عمل سے پیدا کی جاتی ہے، زبردستی عزت نہیں کرائی جاتی، مجھ پر بغاوت کا مقدمہ بھی دائر کر رہے ہیں، اگر تنقید نہیں لے سکتے تو ایسے عہدے قبول نہ کریں۔انہوںنے کہاکہ مجھ پر چادر ڈال کر اور ہتھکڑیاں لگا کر عدالت لانا مناسب نہیں، میں سپریم کورٹ کا وکیل اور سابق وفاقی وزیر ہوں۔