لاہور ( نمائندہ خصوصی ) مسلم لیگ (ق) کے رہنما و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری سے متعلق گفتگو پر معذرت کر لی۔انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ تقریر کے دوران فواد چوہدری سے متعلق جو گفتگو ہوئی اس پر معذرت خواہ ہوں، فواد چوہدری کی پوری فیملی سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ میرے بیان سے ان کی فیملی کو دکھ پہنچا جس پر میں ان سے بھی معذرت خواہ ہوں۔بعد ازاں سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے فواد چوہدری کے بھائی فیصل فرید ایڈووکیٹ سے ٹیلی فون رابطہ کیا، اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے گرفتاری کے حوالے سے بیان پر فواد چودھری کے اہلِ خانہ سے معذرت کی اور کہا کہ ان کی گرفتاری و جھوٹے پرچے کا اندراج سفاکیت، نہایت قابلِ مذمت ہے۔فواد چوہدری اور ان کے خاندان سے برسوں پر محیط نہایت احترام و عقیدت کا رشتہ ہے، کل کے نادانستہ بیان سے فواد چودھری اور اہلخانہ کے جذبات مجروع ہوئے جس پر افسوس ہے۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اپنے بیان پر معذرت کرتا ہوں، فواد چودھری اور اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔اس موقع پر فیصل فرید ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ معذرت کرنا آپ کا بڑا پن ہے، آپ ہمیں شرمندہ کر رہے ہیں، آپ بڑے ہیں، میں اور میرا خاندان آپ کو اپنا بزرگ سمجھتے اور نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم بطور خاندان آپ اور آپ کے اہلِ خانہ کی سلامتی کیلئے دعاگو ہیں۔ واضح رہے چودھری پرویز الٰہی نے اپنی گفتگو میں کہا تھا کہ عمران خان کے قریبی لوگوں نے ہی پارٹی کی جڑیں کاٹیں۔ ساتھ بیٹھنے والے تین، چار لوگوں میں سے ایک بندے کو پکڑا گیا اگر اس کو پہلے پکڑا جاتا تو ہمارا کام ٹھیک ہو جاتا۔