کراچی (بیورو رپورٹ)ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ منشیات کی روک تھام کے لیے کارروائی تیز کی جائے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ملاقات ہوئی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ایمبولینس سروس 1122 پولیس کی مدد کے لئے 15، فائر بریگیڈ کی مدد کے لئے 16،1399 کو یکجا کیا جائے گا۔مرتضی وہاب نے کہاکہ شہریوں کو مدد کے لیے صرف 1122 پر کال کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں اور منشیات کی روک تھام کے لئے کارروائی بھی تیز کی جائے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ خصوصا طلبا کو نشے کی عادت میں مبتلا ہونے سے روکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کم عمر بچوں کو سیگریٹ کے فروخت پر پابندی ہے، اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔اس موقع پرآئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور پولیس کی پیٹرولنگ بڑھائی جائے گی۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہاکہ اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں تشویش کا باعث ہیں جس پر قابو پانے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔