اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )،ایل پی جی ایسوسی ایشن نے وزیر مملکت مصدق ملک کیخلاف 31 جنوری کو ملک گیر احتجاج کا بھی اعلان کر دیا ہے جبکہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین عرفان کھوکھرنے کہا ہے کہ ایل پی جی کی تاریخی قیمتوں کا ذمہ دار وزیر مملکت پیٹرولیم ڈویژن مصدق ملک ہیں،مصدق ملک ایل این جی بیچیں وزارت چھوڑ دیں ،مصدق ملک انتہائی کرپٹ بندہ ہے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے، سرکاری گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت 10روپے بڑھاکر 310روپے کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار صدر آل پاکستان ریسٹورنٹ جوائنٹ ایکشن کمیٹی محمد فاروق چوہدری ، آل راولپنڈی ریسٹورنٹ ہوٹلز اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ممتاز احمد، جنرل سیکرٹری راجہ عدنان محمود کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایل پی جی کی آئے روز بڑھتی قیمتوں کے حوالے سے احتجاجی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔عرفان کھوکھر نے ایل پی جی کی تاریخی قیمتوں کا ذمہ دار وزیر مملکت پیٹرولیم ڈویژن مصدق ملک کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصدق ملک انتہائی کرپٹ بندہ ہے اسے فوری ہٹایا جائے، مصدق ملک ایل این جی بیچیں وزارت چھوڑ دیں ، سرکاری گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت 10روپے بڑھاکر 310روپے کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی ہے،گھریلو سلنڈر کی قیمت 108روپے کے اضافے سے 3658روپے ہوگئی کمرشل سلنڈر کی قیمت 454روپے کے اضافے سے 14074روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے، اوگرا کی مقرر کردہ قیمت دو سو چار روپے فی کلو ہے، سرکاری گیس مافیا سوئی سدرن گیس کمپنی نے حکومتی رٹ کو چیلنج کردیا ہے،ایل پی جی ایسوسی ایشن کا وزیر مملکت مصدق ملک کیخلاف 31 جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان بھی کیا۔