لاہور(بیورورپورٹ)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں آئے پارٹی وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے پارٹی ورکزز کے مسائل بھی سنے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ آنے والی نسل کے لیے پاکستان کو خوشحال اور مستحکم کرنا ہمارا فرض ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے مشکل وقت میں ملک و قوم کے مفاد میں اقتدار میں آنے کا چیلنج قبول کیا اور مشکل حالات کی وجہ سے حکومت کو وقتی طور پر سخت فیصلے لینے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ قیادت ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہم کو یقینی بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔
گورنر نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود عوام کے لئے آٹے پر سبسڈی دی اور انشا ءاللہ ضروریات زندگی کی دیگر اشیا پر بھی بہت جلد انہیں ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی کارکردگی ، کام اور عوام کی خدمت اس کی پہچان رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے انشا اللہ ہمارا ہر قدم ماضی کی طرح اب بھی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے اٹھ رہا ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ان کے لیے یہ بات باعث فخر ہے کہ پارٹی قیادت نے انہیں ملک کے سب سے بڑے صوبے کا گورنر بنایا ہے اور ان کی کوشش ہے کہ وہ بطور گورنر پارٹی قیادت اور کارکنوں کے درمیان موثر رابطے کا ذریعہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)اور اس کی قیادت نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو وہ عزت اور مقام دیا ہے جس کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں کہا کہ پارٹی ورکرز کے لیے گورنر ہاﺅس کے دروازے ہمشیہ کھلے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کی تعمیر ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔