اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی نظام ملکی مسائل کے حل کی اہلیت نہیں رکھتا ہے،پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیاں غیر فعال ہیں ، سیاسی جماعتوں میں اختلافی نقط نظر سننے کی گنجائش ختم ہوچکی ہے،اسی بنا پر پارلیمان گزشتہ پانچ سال میں ملکی مسائل کے حل میں ناکام رہی۔وائس آف امریکہ کو دئیے گئے انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب سیاست انتقام، دشمنی اور نفرت میں بدل جائے تو مکالمے کی گنجائش نہیں رہتی۔ پاکستان میں سیاست کو اسی نہج پر پہنچا دیا گیا ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہاکہ جب معاشی و سیاسی مسائل اس نہج پر پہنچ جائیں تو ان کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ اس کے لیے ری امیجنگ پاکستان کے فورم سے گفتگو کا آغاز کیا ہے۔قومی مسائل پر مباحثے کا مقصد سیاسی جماعتوں کو جگانا ہے اور حل تلاش کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ رہنماں نے ری امیجنگ پاکستان کے نام سے ایک تھنک ٹینک قائم کیا ہے جس کے تحت مختلف شہروں میں مذاکرے ہو رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کو گھمبیر صورتِ حال سے نکالنے کے لیے سب اداروں کو بیٹھ کر سوچنے کی ضرورت ہے جو کہ ان کی نظر میں نہیں ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ مسائل کا حل آئین کے اندر ہے۔ حل معاملات سے وابستگی میں ہے، اقتدار کی تلاش میں نہیں۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں بہت سے فیصلے ماورائے آئین ہوتے ہیں اور فوج و عدلیہ اپنے آئینی دائرہ اختیار سے باہر نکل کر ملک کے معاملات پر اثر انداز ہوتے ہیں۔