اسلام آباد /کالا شاہ کاکو (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے فواد چوہدری کو لے جانے والی سیکیورٹی اداروں کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی جہاں ان کی اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کو بدھ کو علی الصبح لاہور سے گرفتار کیے جانے کے بعد راہداری ریمانڈ کےلئے لاہور کی کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا تھا جہاں پی ٹی آئی رہنما کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں آج ہی اسلام آباد کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔اس کے بعد اسلام آباد پولیس انہیں لے کر روانہ ہوئی جب کہ لاہور ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔اس دوران فرخ حبیب نے لاہور ٹول پلازہ پر فواد چوہدری کو لے جانے والی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی جس پر فرخ حبیب اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔فرخ حبیب نے پولیس اہلکاروں کو کہا کہ فواد چوہدری کو لاہور ہائی کورٹ نے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، ہم عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔لاہور ٹول پلازہ پر فرخ حبیب سیکیورٹی اداروں کی گاڑیوں کے سامنے آگئے، انہیں جانے سے روکنے کی کوشش کی اور کہا کہ گاڑی میرے اوپر سے جائے گی۔فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعوی کیا کہ کالا شاہ کاکو پر روک کر بھی پولیس کو دہائی دی ہے کہ عدالت نے فواد چوہدری کو پیش کرنے کا حکم دیا، آپ انہیں لے جا نہیں سکتے۔پی ٹی آئی رہنما نے دعوی کیا کہ اس کے باوجود عدالتی احکامات نظر انداز کردیے گئے اور ہمارے اوپر فائر بھی کیا۔