راولپنڈی (بیورورپورٹ ) انڈیا میں بی جے پی رہنما نوپور شرما کا پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازع بیان پر ایپسما ضلع راولپنڈی خواتین ونگ کی صدر اور ممبر بی۔او۔جی فیڈرل تعلیمی بورڈ سکینہ تاج، ارم سکندر، انعم باسط، مسز ثوبیہ، ڈاکٹر میمونہ، مسز آفتاب، ارم شھزاد، نگہت بٹ و دیگر
نے توہین رسالت کی ناپاک جسارت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مسز سکینہ تاج نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کے دل چھلنی ہیں غیر مسلم نہیں جانتے کہ ہمارا اپنے نبیؑ سے کیا رشتہ ہے۔ اپنے آقا کی محبت کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ اور ہر رشتے کو ٹھکرایا جا سکتا ہے لیکن دہلیز مصطفےؑ کو نہیں چھوڑا جاسکتا۔ انھوں نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر انڈیا کے سفیر کو ملک بدر کرکے ان کی تمام مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کریں۔ انھوں نے نجی تعلیمی شعبہ سے وابستہ تمام خواتین اساتذہ سے کہا ہے کہ اپنے گھروں میں اور تعلیمی اداروں میں مقام مصطفےؑ اور ان کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں۔ اپنے ماحول کو درود و سلام کی صداؤں سے منور کریں تاکہ ہمارا معاشرہ جس بے راہ روی کا شکار ہے اس کو ہم سب سدھارنے کی کوشش کریں تمام شرکاء اجلاس نے اعادہ کیا کہ ہمارا جینا مرنا سب کچھ حضورؑ کے لیے ہے۔ان کی محبت کی خوشبو کو عام کرنے میں ہم سب اپنا اہم کرداد ادا کریں گی۔