کوئٹہ( نمائندہ خصوصی ) کوئٹہ میں گھر میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے باپ اور 3بیٹے جاں بحق ہوگئے۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس اوربجلی نہ ہونے سے جہاں معاملات زندگی بری طرح سے متاثر ہو رہی ہیں وہی گیس لوڈشیڈنگ نے قیمتی جانیں نگلنا شروع کر دیں ۔اسی طرح کا ایک اور واقعہ جان محمد روڈ پر پیش آیا جہاں رات کو شدید سردی میں گیس ہیٹر جلتا چھوڑ کر سونے والا خاندان ہمیشہ کے لئے سو گئے ۔امان اللہ ازبک جو کلی کمالو کا رہائش پذیر تھا ،جو پرچون کی دکان چلاتا تھا اور اپنے تین جوان بیٹوں کے ہمراہ گیس سے دم گھٹ کر جاں بحق ہوگئے ۔امان اللہ اور اس کے تین بیٹوں قاری حبیب اللہ، محب اللہ اور حفیظ اللہ کی لاشیں سول اسپتال منتقل کرنے کے بعد ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔جاں بحق ہونے والوں میں50سالہ امان اللہ،30سالہ حبیب اللہ،26سالہ حفیظ اللہ اور22سالہ محب اللہ شامل ہیں۔رواں ماہ کوئٹہ میں گیس لیکج اور دھماکوں سے مجموعی طور پر خواتین اور بچوں سمیت 13فراد جاں بحق اور7زخمی ہوگئے ہیں۔