ملتان ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جلد ہی ایک سزا یافتہ شخص کو پروٹوکول کے ساتھ وطن واپس لایا جائے گا۔ ملتان میں استقبالیہ تقریب سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے قانونی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران اقتدار کو طول دینے کے لیے حیلے بہانے کر رہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی دیے گئے ایجنڈے کے تحت کام کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہمارے قومی اسمبلی اراکین کے استعفے منٹوں میں منظور ہوئے، ایسا صرف عدم اعتماد کے ووٹ سے بچنے کے لیے ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست ہے کہ ہمارے دیگر اراکین کے استعفے بھی منظور کیے جائیں۔ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ فوری اور شفاف الیکشن ملک کی ضرورت بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی ایک سزا یافتہ شخص کو پروٹوکول کے ساتھ وطن واپس لایا جائے گا۔