کراچی (نمائندہ خصوصی ) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے اتوارکومسلم لیگ ن کے صوبائی صدر شاہ محمد شاہ سے صوبائی سیکرٹیریٹ میں ملاقات کی ۔ملاقات میں کراچی کی تعمیر وترقی اور مسائل کے حل کے حوالے سے باہم مل کرکام کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے شاہ محمد شاہ سے درخواست کی کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے باقی تمام پارٹیوں سے متحد ہوکر کام کرنے حوالے سے بات چیت کریں ۔شاہ محمد شاہ نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ مسلم لیگ کی مقامی قیادت تمام پارٹیوں کو متحد کرنے کے لیے رابطے کرے گی۔ملاقات میں رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی ، ایڈیشنل سکریٹری سندھ چوہدری محمد طارق ودیگر بھی موجود تھے ۔ جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امراءجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی اورمسلم پرویز بھی موجو دتھے ۔بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن نے مسلم لیگ ن کے رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم مسلم لیگ ن کے صوبائی سیکرٹریٹ میں شاہ محمد شاہ سے ملنے آئے ہیں اور ہم نے گزارش کی ہے کہ مسلم لیگ ن جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر شہر کی تعمیر وترقی کے لیے کام کرے اور باقی تمام پارٹیوں سے بھی کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے متحد ہونے کے لیے رابطہ کرے ،ہمیں امید ہے کہ شاہ محمد شاہ شہرکی بہتری میں اپنا کردار اد ا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات بہت مشکل سے منعقد ہوئے جس کے نتائج میں تمام ہی پارٹیوں کو تحفظات ہیں لیکن فی الحال مل جل کر شہر کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،بلدیاتی انتخابات کے موقع پر جس طرح تلخی نظر آئی ،اگر ایسی ہی صورتحال برقراررہی تو شہر کے مسائل حل نہیں ہوسکیں گے۔