اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مبینہ طور پر بین الاقوامی سازش(سائفر) کے ذریعے انکی حکومت ہٹانے سے متعلق تحقیقات کیلئے دائرچیمبر اپیلوں پر سماعت (کل)منگل کو ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جج جسٹس سردار طارق مسعود 24 جنوری کو اپیلوں کی سماعت کرینگے،درخواست گزاروں میں ذوالفقار بھٹہ ایڈووکیٹ ، سید طارق بدر اور نعیم الحسن شامل ہیں ،رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواستوں پر مختلف اعتراضات عائد کرتے ہوے انہیں واپس کر دیا تھا جس پر درخواست گزاروں نے رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیلیں دائر کردی تھیں۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں درخواستوں سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کو خطوط لکھے تھے، جس میں ان سے مبینہ دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات کےلئے پبلک انکوائری اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا تھا۔دریں اثناءچیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس عمر عطاءبندیال نے سوموار 23جنوری سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کے لئے پانچ بنچ تشکیل دے دیئے ہیں۔ بینچ اول چیف جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ، بنچ دوئم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ خان آفریدی اور جسٹس محمد علی مظہر، بینچ سوئم جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس حسن اظہر رضوی، بینچ چہارم جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر جبکہ بینچ پنجم جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندو خیل اور جسٹس شاہد وحید پرمشتمل ہوگا۔