کراچی (نمائندہ خصوصی )کراچی کے بلدیاتی انتخابات پر مخالف سیاسی جماعتوں کی جانب سے الزامات پر صوبائی وزیر ناصر شاہ نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے اور پیپلز پارٹی کے سبقت لینے پر مخالف سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں بالخصوص کراچی کے نتائج پر شدید اعتراضات سامنے آ رہے ہیں۔اس صورتحال میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ناصر شاہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کراچی نے ہمیشہ پاکستان کی سیاست کا رخ متعین کیا ہے۔ ماضی میں کراچی سے 14 سیٹیں دے کر پی ٹی آئی کو مرکزی پارٹی بنانے کی کوشش کی گئی لیکن ہم نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو شکست دے کر مستقبل کی سیاست کا طبل بجا دیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کے حواری دھاندلی کا بیانیہ بنا رہے ہیں۔ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو عدالت جاو، ٹوئٹر پر زہر نہ پھیلاو۔