کراچی( کامرس رپورٹر) خام مال کی قیمت میں مسلسل اضافے، سپلائی چین متاثر ہونے اور ایل سیز نہ کھولنے کے باعث ملک بھر میں مختلف مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ سریے کی فی ٹن قیمت بھی 2 لاکھ 43 ہزار 500 کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سریے کے ایک ڈیلر نے بتایا ہے کہ فیضان اسٹیل نے 16 ایم ایم – 25 ایم ایم کا ریٹ بڑھا کر 2 لاکھ 40 ہزار 5 سو روپے فی ٹن اور 10 ایم ایم -12 ایم ایم کا ریٹ 2 لاکھ 43 ہزار 5 سو روپے کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آغا اسٹیل انڈسٹریز نے بھی 16 ایم ایم – 32 ایم ایم کا ریٹ بڑھا کر روپے 2 لاکھ 41 ہزار 5 سو اور 10 ایم ایم – 12 ایم ایم کا ریٹ 2 لاکھ 43 ہزار 5 سو روپے کر دیا۔دسمبر 2022 کے آخری ہفتے میں، اسٹیل بار کے ریٹ 10 ایم ایم -12ایم ایم کے لیے 2 لاکھ 24 ہزار 50 سو روپے سے 2 لاکھ 25 ہزار 5 سو روپے اور 16ایم ایم – 25 ایم ایم کا فی ٹن ریٹ 2 لاکھ 22 ہزار 5 سو روپے سے 2 لاکھ 23 ہزار 5 سو روپے تھا۔اس سے قبل سریے کی بلند ترین شرح جون 2022 میں 2 لاکھ 36 ہزار روپے تھی۔ رواں مالی سال جولائی سے نومبر کے دوران اسٹیل بار بنانے کے لیے اہم خام مال لوہے اور اسٹیل کے اسکریپ کی درآمد 17 لاکھ ٹن کے مقابلے میں 36 فیصد کم ہو کر 10 لاکھ ٹن رہ گئی۔
تاہم درآمدی اسکریپ کی اوسط فی ٹن قیمت جولائی تا دسمبر 2022-23 میں 563 ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 579 ڈالر تھی۔پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج اسٹیل پروڈیوسرز (پی اے ایل ایس پی) نے اسٹیٹ بینک پاکستان اور وزیر خزانہ پر زور دیا کہ وہ ایل سیز کو بروقت کھولنے کو یقینی بنا کر اسٹیل انڈسٹری کی مدد کریں۔