ممبئی( نمائندہ خصوصی)
بالی ووڈ کی متنازع ڈانسر اور اداکارہ راکھی ساونت اپنی دوسری شادی کے بعد سے ہی ایک بار پھر شہ سرخیوں کی
زینت بنی ہوئی ہیں تاہم اس بار انہوں نے لو جہاد کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت عرف فاطمہ نے اپنے مذہب تبدیلی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اسے اپنی مرضی قرار دیتے ہوئے لو جہاد کے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ دوسری جانب بالی ووڈ کی متنازع ڈانسر اور اداکارہ راکھی ساونت کے بوائے فرینڈ بزنس مین عادل خان درانی نے اداکارہ سے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے عادل خان درانی نے شادی کا اعلان کردیاانہوں نے لکھا کہ ’بلآخر میں اعلان کرتا ہوں، راکھی میں نے آپ سے شادی سے کبھی انکار نہیں کیا تھا، بس کچھ چیزیں سنبھالنی تھی جس کی وجہ سے خاموش تھا انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم دونوں کو خوشیوں بھری شادی شدہ زندگی مبارک ہو‘۔یاد رہے کہ گزشتہ بدھ کو راکھی ساونت نے عادل خان کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھی۔ان تصاویر اور ویڈیوز سے یہ معلوم ہوا کہ راکھی ساونت نے شادی سے قبل اسلام قبول کرکے اپنا نام تبدیل کر لیا اور اب وہ فاطمہ کے نام سے جانی جاتی ہیں۔انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد اسلامی روایت کے مطابق عادل خان سے باقاعدہ نکاح کیا ہے۔
نکاح کے موقع پر عادل خان درانی کی جانب سے ان کا حق مہر 51 ہزار 7 سو 86 رکھا گیا ہے۔