کراچی (نمائندہ خصوصی ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی ہار گئی، کراچی جیت گیا۔ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد میں انتخابات سے قبل دھاندلی کو عوام نے مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں دھاندلی ہار گئی کراچی جیت گیا، عوام نے گھر بیٹھ کر ایم کیو ایم کے فیصلے پر ریفرنڈم دے دیا۔ ایم کیو ایم سربراہ نے مزید کہا کہ عوام نے کراچی کے مینڈیٹ کو چرانے کی سازش کو مسترد کردیا ہے۔ دوران گفتگو ایم کیو ایم رہنماﺅں نے بلدیاتی الیکشن میں کم ووٹنگ ٹرن آﺅٹ کو اپنے موقف کی فتح قرار دے دیا۔ ایم کیو ایم قیادت نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر جانبداری کا الزام لگایا اور کہا کہ اگر ایک ادارہ شفاف الیکشن نہیں کروا سکتا تو اس کی کوئی ضرورت نہیں۔