لاہور ( نمائندہ خصوصی )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران کی زیر صدارت پارٹی رہنماﺅں کا اجلاس ہوا جس میں اہم سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں فواد چودھری، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، سینیٹراعظم سواتی، صوبائی وزیر خیال کاسترو، مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ ،مسرت جمشید چیمہ شریک ہوئے جبکہ سینئر رہنما ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے ۔اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختوانخواہ اسمبلیوں کی تحلیل، آئندہ انتخابات، دونوں صوبوں میںنگران سیٹ اپ کے بارے میں مشاورت ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی سے متعلق بھی حکمت عملی اور (ن)لیگ کے ارکان قومی اسمبلی سے رابطوں پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے وزیراعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزیراعظم کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کرنے کی منظوری دے دی ہے اور صدر مملکت بہت جلد وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لئے کہیں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے یہ فیصلہ ایم کیو ایم کے تحفظات کو دیکھتے ہوئے کیا، پی ٹی آئی پرامید ہے کہ ایم کیو ایم وزیراعظم کو ووٹ نہیں دے گی۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کے اراکین قومی اسمبلی بھی غیر حاضر رہیں گے۔