اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے گندم کو صوبائی حکومتوں کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے،وفاق نے صوبوں کو ان کی ضرورت کے مطابق گندم فراہم کردی ہے، ہمارا کام صوبوں کو گندم پہنچانا ہے،کس نے عمران خان کی عقل میں ڈالا اسمبلیاں 6مہینے پہلے توڑو، وفاق سے عمران خان کو نکالا گیا ،پونے4سال اس نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ، سوائے جھوٹ اور تخریب کاری کے اس شخص کا کوئی کام ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ملک میں گندم کی قلت کا غیر ضروری شور پڑا تھا ، گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں ، پہلے دن سے ہی بھانپ لیا تھا کہ گندم کے وافرذخائر ملک میں موجود ہیں ، آٹے اور گندم پر وزیراعظم کے بہت تحفظات ہیں،گندم صوبائی حکومتوں کا مسئلہ ہے اس معاملے پر وفاق کا کوئی لینا دینا نہیں، ہمیں صرف غذائی اجناس کو یقینی بناناہوتا ہے اور یہ ہماری ذمےداری ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہاں گندم کی قلت ہے،کے پی کی 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ڈیمانڈ پوری کی، وفاق نے صوبوں کو ان کی ضرورت کے مطابق گندم فراہم کردی ہے، ہمارا کام صوبوں کو گندم پہنچانا ہے، اب صوبوں سے کہا ہے کہ پورٹ سے ڈائریکٹ گندم اٹھالیں، پورٹ سے گندم اٹھانے سے انہیں کرائے کی مد میں بچت ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمیں بتائیں کس صوبے نے گندم مانگی ہے اور ہم نے نہیں دی، شور بہت ہے کہ گندم نہیں ہے پتا نہیں کہاں چلی گئی، آزادکشمیر میں پاسکو کے ذریعے گندم پہنچائی جاتی ہے، 13لاکھ 76 ہزار میٹرک ٹن گندم مل چکی ہے،4لاکھ ٹن گندم پورٹ پر موجود ہے، وفاق نے کم گندم ریلیزکرنے پر شورمچایا، پنجاب 21ہزار یومیہ گندم ریلیز کررہا تھا،10جنوری کو پنجاب نے 26ہزار میٹرک ٹن گندم ریلیز کی، صوبوں نے کوٹہ بڑھایا تو قیمتیں کم ہوئیں، پنجاب میں 800، کے پی میں 600روپے گندم فی من کم ہوئی، ملوں کو 2200روپے فی من گندم ریلیز کی جارہی ہے، فلور ملز2200میں گندم لے کر مہنگی فروحت کردیتے ہیں، حکومت اگر چیک پوسٹ نہ لگائیں تو جو آٹا مل رہا ہے وہ بھی نہ ملے، چیک پوسٹ نہ ہوں تو آٹا افغانستان اور دیگر میں اسمگل ہو جائے۔طارق بشیر چیمہ نے عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں تو اس کے بعد الیکشن ہی ہوتے ہیں، عام انتخابات کس بات پر ہوں، یہ روز بیٹھ کر جو اداکاری ہو رہی ہے اس سے، عمران خان کا مشن کامیاب نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کے پی اور پنجاب اسمبلی میں عام انتخابات ہو جائیں گے یہ سیاسی عمل ہے ، کس نے عمران خان کی عقل میں ڈالا کہ اسمبلیاں 6مہینے پہلے توڑو، وفاق سے عمران خان کو نکالا گیا ، پونے4سال اس نے حکومت کی اور ملک کا بیڑا غرق کردیا ، سوائے جھوٹ اور تخریب کاری کے اس شخص کا کوئی کام ہے۔