اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے 15 جنوری کو ہی صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس میں کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر غور کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے اجلاس سندھ حکومت کا 15 جنوری کو کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرانے کا فیصلہ مسترد کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہےکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 15 جنوری کو ہی مکمل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی،حیدرآباد اور دادو میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا اعلان کیا ہے جب کہ جماعت اسلامی نے سندھ حکومت کے فیصلے پر آج دھرنے کا اعلان کیا ہے۔