کراچی (کرائم رپورٹر ) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے 7 اضلاع اور 108 تھانوں کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی 148 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔اسٹریٹ کرائم کی 148وارداتوں میں سے ضلع شرقی میں 46 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جوکہ دیگر اضلاع کی بانسبت سب سے زیادہ ہیں اور اس کے بعد کورنگی میں کرائم کے 22 کیسز سامنے آئے۔24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی کرائم کی وارداتوں کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید الہ اوڈھو نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو رپورٹ بھیجی ۔رپورٹ کے مطابق شہر میں اسٹریٹ کرائم کے 148 واقعات رونما ہوئے جن میں 59 موبائل فون/کیش اسنیچنگ، چار کار چوری، 11 موٹرسائیکل چھیننے اور 74 موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں شامل ہیں۔اسٹریٹ کرائم کے 148 واقعات میں سے 46 ضلع شرقی ، 22 کورنگی، 9 ملیر، 28 وسطی، 14 غربی، 5 ڈسٹرکٹ سٹی، 12 جنوبی اور 12 کیماڑی میں ہوئے۔ڈکیتی کے دوران اسٹریٹ کرمنلز نے مزاحمت پر تین افراد کو زخمی کر دیا۔ زخمی شہریوں کی شناخت جاوید ولد نیاز جسے پی ایس سائٹ سپر ہائی وے ضلع شرقی میں ، جمیل ولد عبدالعزیزکو پی ایس شاہ فیصل کالونی ڈسٹرکٹ کورنگی کے علاقے میں چھر اگھونپ کر اور روزی خان ولد شیرمحمد کو پی ایس سائٹ ضلع کیماڑی کے علاقے میں پستول کے بٹ سے زخمی کیا گیا۔
جرائم کی روک تھام: وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ پولیس نےاسٹریٹ کرمنلز/ڈاکوؤں کے ساتھ سات انکائوٹر کیے جس میں 10 اسٹریٹ کرمنلز/ چور زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے اور 8 کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ پولیس نے اضلاع ایسٹ، سنٹرل اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقوں میں چار چھاپے/سرچ آپریشن کیے جن میں 199 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 22 اسٹریٹ کرمنلز/چور، 14 وہیکل لفٹرز، ایک بھتہ خور، 28 ملزمان کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر، 21 منشیات فروش / سپلائی کرنے والے اور دیگر جرائم میں ملوث 113 افراد شامل ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران 31 غیر قانونی پستول، 21 کلو گرام چرس، 19 چھینے گئے موبائل فون، 30 مسروقہ گاڑیاں، ایک کار اور 29 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے سٹی پولیس کو کومبنگ آپریشن جاری رکھنے اوراسٹریٹ کرائم کو کنٹرول میں لانے کی ہدایت کی۔