ریاض(نیٹ نیوز )سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنے گھریلو یورینیم کوجوہری ایندھن کے پورے چکرکے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے بدھ کو ایک تقریرمیں کہا کہ حالیہ تلاش کے نتیجے میں مملکت میں یورینیم کے متنوع ذخائر کا پتاچلاہے۔وزیرتوانائی نے کہا کہ مملکت اپنے یورینیم کے قومی وسائل کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وہ بین الاقوامی وعدوں اور شفافیت کے معیارکے مطابق رضامند شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں اس دھات کو استعمال کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں پورے جوہری ایندھن کے چکر میں یورینیم کا استعمال ہوگا۔اس کی پیداوار، کم افزودہ یورینیم اور جوہری ایندھن کی تیاری دونوں میں قومی وسائل کا استعمال کیا جائے گا اوریقینا اس کوبرآمد بھی کیا جائے گا۔