کراچی(نمائندہ خصوصی)
ڈپٹی انسپکٹر جنرل موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید اور سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی ہدایت پر افسران اور جوانوں کی تربیت کیلئے بیٹ 25 میں ریسکیو 1122 کیساتھ ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ ریسکیو آفیسر اظہر عباس اور محمد طاہر نے شرکاء کو ابتدائی طبی امداد کے متعلق آگاہی دی جس میں دل و سانس کا بند ہونا، ہڈی کا ٹوٹ جانا، خون کا بہنا اور گاڑیوں میں آگ لگنے جیسی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے فائر ایکسٹنگوشر ( آگ بجھانے والا آلہ ) کی عملی تربیت دی گئی اور موٹروے پولیس کی گاڑی میں موجود فرسٹ ایڈ کِٹ کے استعمال کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی بعد ازاں ریسکیو آفیسر طاہر کی جانب سے ٹریفک حادثے کی صورت میں گاڑی میں پھنس جانے والے افراد کو ہائیڈرالک کٹر کی مدد سے گاڑی کی باڈی کو کاٹ کر افراد کو بحفاظت باہر نکالنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور اس کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی بیٹ 25 میاں ممتاز احمد اور ایڈمن آفیسر محمد اسماعیل نے اس تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر ریسکیو 1122 کی ٹیم کی اس کاوش کو سراہا۔ ڈی ایس پی میاں ممتاز احمد نے ورکشاپ میں موجود شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس کے لیے تربیتی ورکشاپ بہت اہمیت کی حامل ہے۔مخلوط معاشرے کے قیام کے عزم کی تکمیل کے لئے ہر فرد کے لئے ابتدائی طبی امداد کی تربیت کا حصول انتہائی ضروری ہے اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت ہر پولیس آفیسر کے لیے لازم ہے۔ کیونکہ ابتدائی طبی امداد کسی بھی انسانی جان کو بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد شہریوں کے لیے قومی شاہراؤں کو محفوظ اور آرام دہ بناکر مسافروں کو جانی اور مالی نقصان سے بچانا ہے۔