کراچی، (نمائندہ خصوصی ) نٹ شیل گروپ نے کراچی پریس کلب (کے پی سی) کی نئی گورننگ باڈی کے اعزاز میں ظہرانے کا انعقاد کیا۔ نٹ شیل گروپ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور سابق وزیرمملکت و سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین محمد اظفر احسن، ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) رابعہ شعیب احمد، چیف ایگزیکٹو اسٹریٹجک انگیجمنٹس ائیر چیف مارشل (ریٹائرڈ) سہیل امان، چیف پبلک افیئرز آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) شہزاد نعیم خان، چیف کمرشل آفیسر عنیزہ علی اور دیگر سینئر قیادت نے تقریب کی میزبانی کی۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمد اظفر احسن نے کہا کہ کراچی پریس کلب کراچی کی میڈیا برادری کے لیے قابل ذکر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اس ادارے کا جمہوری کلچر قابل تقلید نمونہ ہے۔ کراچی کے ایک رہائشی کے طور پر میں اس بات کو اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ اس شہر کو تمام شراکت داروں کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ ہم سب کو اس بڑے شہر کی ترقی اور یہاں کے رہائشیوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ پاکستان کا مضبوط مالیاتی ستون اور مختلف ثقافتوں کا سب سے وسیع مرکز ہے۔کراچی پریس کلب کے حال ہی میں بلامقابلہ منتخب ہونے والے صدر سعید سربازی نے کہا کہ کراچی پریس کلب اس شہر کا ایک اہم ادارہ ہے۔ ملک بھر سے لوگ ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے یہاں آتے ہیں اور پریس کلب ظلم و ستم کے ستائے افراد کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ اس اپیکس کلب کے صدر کی حیثیت سے میڈیا برادری اور کراچی کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے لیے میں پُرعزم ہوں۔
کراچی پریس کلب کی ٹیم کے دیگر اراکین میں کے پی سی کے خزانچی احتشام پاشا، نائب صدر مشتاق سہیل، گورننگ باڈی کے اراکین فاروق سمیع، شمس کیریواور کلثوم جہاں سمیت سابق سیکریٹری محمد رضوان بھٹی، سی پی این ای سندھ سرکل کے سیکریٹری مقصود یوسفی اور سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب اے ایچ خانزادہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔سول سوسائٹی اور کارپوریٹ سیکٹر کی نامور شخصیات بشمول سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی (ایس اے سی ایم) برائے میڈیا افیئرز فہد ہارون، سابق وفاقی وزیر خوش بخت شجاعت، چیئرمین ٹی سی ایس گروپ آف کمپنیز خالد نواز اعوان، ریکٹر، ملینیم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ (ایم آئی ٹی ای) پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی، صدر انڈس ہسپتال ڈاکٹر باری خان، بانی پاکستان میوزک کانفرنس عائلہ رضا،چیئرمین بیگ گروپ اور سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی مرزا اختیار بیگ، سینئر صحافی غازی صلاح الدین، خورشید حیدر اور شاہین صلاح الدین سمیت سرکاری اور نجی اداروں کے معزز مہمانوں نے تقریب میں شرکت کی۔