اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کے خارجہ امور اور پولیس متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو خطے کے سکیورٹی معاملات اور تاریخ کی اتنی ہی جانکاری ہے جتنی ان کو جرمنی اور جاپان کی جغرافیہ کی ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کا پاکستان-افغانستان خارجی امور اور دہشت گردی متعلق بیان قابل مذمت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بطور سابق وزیراعظم، عمران خان پاکستان کی نہیں بلکہ کسی اور کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کو خطے کے سکیورٹی معاملات اور تاریخ کی اتنی ہی جانکاری ہے جتنی ان کو جرمنی اور جاپان کی جغرافیہ کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جس شخص کے دور حکومت میں پاکستان خارجہ تنہائی کا شکار ہوا وہ آج وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو خارجہ امور پر بھاشن دے رہا ہے۔ شیری رحمن نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی 8 ماہ کی سفارتی کامیابیوں کا عمران خان کے چار سال کی سفارتی تنہائی سے کوئی موازنہ نہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ ملک کو سفارتی دلدل میں ڈال کر گئے تھے، ہماری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے خلاف صف اول میں کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پولیس ہماری دفاع کی پہلی لائین ہے، عمران خان نے پاکستان کی بہادر پولیس کی بھی دل آزاری کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ افسوس ہے پولیس کی حوصلہ افزائی کے بجائے عمران خان ان کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں