کراچی(نمائندہ خصوصی) پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی)کی ڈائریکٹر جنرل ارم تنویر نے بدھ کو کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات کی ۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد،نائب صدر مشتاق سہیل ،جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان ،گورننگ باڈی کے ارکان شمس کیریو، فاروق سمیع ،ذوالفقار واہوچو ،ذوالفقار راجپر اور رمیز وہرہ نے نے کلب آمد پر ڈی جی پی آئی ڈی کا استقبال کیا ۔ارم تنویر نے نومنتخب عہدیداروں کو بلامقابلہ کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ نئی منتخب باڈی کراچی پریس کلب کی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے اسے مزید بلندیوں کی طرف لے کر جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی جلد کراچی پریس کلب کا دورہ کریں گی ۔انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور ان کے حل کے لیے کوشاں ہے ۔بیروزگار اور بیمار صحافیوں کے حوالے سے ہم خصوصی اقدامات کرہے ہیںاور حوالے سے وفاق کی گرانٹ میں اضافہ بھی زیر غور ہے ۔انہوںنے کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں ۔عوام کے مسائل کو دنیا کے سامنے رکھنے پر ان کا اہم کردار ہے اس لیے ضروری ہے کہ صحافیوں کو وہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں جس کے ذریعہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض تندہی کے ساتھ انجام دے سکیں ۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے ارم تنویر کو کراچی پریس کلب میں خوش آمد ید کہتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب اپنی تابندہ روایات کو جاری رکھتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے کام کرتا رہے گا ۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک میں جمہوری تحریکوں کے لیے ایک استعارہ رہا ہے اورجو آواز کہیں بھی نہیں سنی جاتی وہ آواز کراچی پریس کلب میں بلند ہوتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ امید ہے کہ وفاقی حکومت کراچی پریس کلب کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی ۔