کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبد الرحمن بن صالح ذین العابدین الشیبی نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ خانہ کعبہ کے کلید بردار کی گورنرہاﺅس آمد اعزاز کی بات ہے۔ بعد ازاں شیخ عبد الرحمن بن صالح زین العابدین ال شیبی نے گورنر ہاوس کی مسجد میں ظہر کی نماز کی امامت بھی کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور گورنر ہاوس کے افسران اور ملازمین نے ان کی اقتدا میں نماز ادا کی اس نوقع پر ملک و قوم کی ترقی ، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔،بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں توانائی بحران ہے اس ضمن میں گورنرہاﺅس کی آج سے 50 فیصد لائٹس رکھی جائیں گی اسی طرح میں شہریوں سے بھی اپیل کرتاہوں کہ وہ 25 فیصد بجلی کم استعمال کریں کیونکہ اس طرح بجلی بچا کر بہت سے مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادی ہال مالکان بلا وجہ لائٹیں مت جلائیں جتنا ممکن ہو سکے بجلی کی بچت کو یقینی بنائیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ کے مسائل کے حل کے لئے گورنرہاﺅس کے دروازے ہر ایک کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔