لاہور (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ صوبے میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہر سطح پر موثر اقدامات کئے گئے ہیں ،صوبہ بھر میں سستے آٹے کی دستیابی کے لئے سیل پوائنٹس میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلور ملوں کیلئے سرکاری گندم کا ڈیلی کوٹہ 26ہزار میٹرک ٹن کر دیا گیا ہے، پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات سے صوبہ بھر میں آٹا وافردستیاب ہے ۔ محکمہ خوراک اور انتظامی افسران کو آٹے کی سپلائی اور دستیابی یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ گندم و آٹے کی اسمگلنگ روکنے کیلئے صوبے کے خارجی راستوں پرچیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے ، گندم اور آٹے کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے ہر وہ اقدام اٹھارہے ہیں جس سے غریب آدمی کو ریلیف ملے ، پنجاب کے عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے وافر مقدار میں گندم کا اسٹاک موجود ہے ۔