لاہور /اسلام آباد /کوئٹہ /پشاور ( نمائندگان ) ملک کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،دیر بالا کے بالائی علاقوں سمیت لواری ٹنل میں 8انچ تک برف ریکارڈ کی گئی،دیر شہر میں موسم کی پہلی برف باری کے بعد دیر ٹاﺅن سمیت بالائی علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی،پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثرہونے پر مختلف مقامات سے موٹرویز بند کردی گئیں،ملتان ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر متعدد پروازیں تاخیر کا شکار اور دو منسوخ ہوئیں،مختلف شہروں میں دھند کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا جبکہ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔تفصیلات کے مطابق ملک کے میدان علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔جنوری کا موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا،بالائی علاقوں میں برف کیا پڑی ہر جگہ سفیدی چھاگئی،بلتستان ریجن میں برفباری سے تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔غذر میں برفباری سے وادی کی خوبصورتی بڑھ گئی،وادی سوات میں درخت،سڑکیں اور گاڑیاں برف سے ڈھک گئیں۔پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بوندا باندی اورپہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ملک کے بالائی علاقوں میں کڑاکے کی سردی سے شہری ٹھٹھرنے لگے۔دیامر کے بالائی علاقوں، نانگا پربت بیس کیمپ، فیری میڈوز، گوہر آباد اور دیگر بالائی وادیوں میں بھی برف باری ہوئی ۔دیر بالا کے بالائی علاقوں سمیت لواری ٹنل میں 8انچ تک برف ریکارڈ کی گئی۔دیر شہر میں موسم کی پہلی برف باری کے بعد دیر ٹان سمیت بالائی علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔جبکہ غذر میں بھی شدید برف باری نے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا۔گذشتہ روز ملک بھر میں سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب بارش اور برف باری کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل ہوگئیں ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سردی کا راج برقرار ہے، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا جبکہ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گاجبکہ دیر، چترال، سوات ، کوہستا ن، ایبٹ آباد ، مانسہرہ اور بونیر میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔بلوچستان کے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔اس کے علاوہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد اور ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔لاہور،شیخوپورہ،گوجرانوالا، نارووال، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، اوکاڑہ دھند کی لپیٹ میں رہیں گے،اس کے علاوہ ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر، منگلہ ، جہلم، منڈی بہاوالدین، جوہرآباد اور ڈیرہ غازی خان میں بھی دھند پڑنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد اور موہنجوداڑو میں بھی دھند پڑنے کا امکان ہے۔پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثرہونے پر مختلف مقامات سے موٹرویز بند کردی گئیں۔موٹرویز پولیس کے مطابق لاہور ،اسلام آباد موٹروے ایم-2، ٹھوکر نیاز بیگ سےکوٹ مومن تک جبکہ ایم 3 موٹروے رجانہ سے فیض پور تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ۔فیصل آباد،ملتان موٹروے ایم-4 ملتان سےپنڈی بھٹیاں جبکہ سیالکوٹ، لاہور موٹروےایم 11 کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال تک بند کردی گئی جبکہ قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ناگزیر صورتِ حال میں سفر سے پہلے راستہ ایپ سے معلومات حاصل کریں۔قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔شدید دھند کے باعث لاہور کے داخلی و خارجی، سرحدی علاقے شدید دھند کی لیپٹ میں آگئے جس کے باعث ایسٹرن بائی پاس، موٹروے بابوصابو اور ٹھوکر نیازبیگ سے بند کر دیئے گئے ۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی کی جانب سے موٹروے بندش کے باعث داخلی و خارجی راستوں پر وارڈنز کی نفری میں اضافہ کردیا گیا، بابو صابو، ٹھوکرنیاز بیگ ، شاہدرہ چوک، پرانے راوی پل پر وارڈنز کی نفری بڑھا دی گئی ۔انہوںنے کہا کہ دھند کے باعث شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر غیر معمولی ٹریفک کا لوڈ رہے گا۔سی ٹی او مے تمام پولیس وہیکلز کی فلیشر لائٹس آن رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہری فوگ لائٹس اور شیشوں پر نمی نہ ہونے دیں، ایمرجنسی کی صورت میں گاڑی کو انتہائی بائیں سائیڈ پر پارک کریں، چلتی گاڑی سے ہاتھ، منہ نکالنے سے پرہیز کیا جائے، شہری راہنمائی اور مدد کےلئے ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں، شہریوں کو راستہ ایپ اور ایف ایم 88.6 سے دھند کے بارے ہمہ وقت آگاہ رکھا جائے۔فاروق آبادکے قریب موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 طالبعلم جاں بحق ہو گئے ۔ اسامہ ولد سردار اور عمر ولد احسان موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ شدید دھند کے باعث 4 چک رسالہ روڈ نزد دھامونکی موٹر سائیکل اورتیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم ہو گیا۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار دونوں طلبا جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو 1122کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق طلبا کی لاشیں لواحقین کے سپرد کر دیں۔ جاں بحق طلبا کی اسامہ ولد سردار 18سال اور عمر ولد احسان 8سال دونوں چھٹیاں ختم ہونے کے بعد پڑھنے کے لئے جارہے تھے۔واپڈا ٹاﺅن لاہور میں دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرانے کے باعث 2نوعمر لڑکے جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ٹیم کے مطابق حادثہ امیر چوک واپڈا ٹاﺅن میں تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، دونوں موٹر سائیکلیں اتنے زور سے ٹکرائیں کہ دونوں نو عمر لڑکے ہلاک ہو گئے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 15 سالہ علی اور 14سالہ فہد کے نام سے ہوئی۔پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ۔ہارون آباد میں بھی ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ریسکیو زرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا ۔