کوئٹہ( نمائندہ خصوصی) گورنر ہاوس کوئٹہ کا شمار صوبے کی قدیم، خوبصورت، سیاسی اور تاریخی عمارتوں میں ہوتا ہے. اس عمارت میں سو برس سے زائد پرانے درخت، نایاب پرندوں اور تاریخی اہمیت کی حامل تصاویر بھی موجود ہیں جن میں برطانوی عہد کے صوبے کے چیف کمشنرز کی تصاویر کے علاوہ مقامی حکمرانوں کی تصاویر شامل بھی ہیں. گورنر ہاؤس کوئٹہ اپنے تاریخی پس منظر، نادر اشیاء، قدیم درخت، خوبصورت پودوں اور پھولوں کے باعث بالخصوص تاریخی نوادرات اور سیاحت میں دلچسپی رکھنے افراد یہاں آتے ہیں اور ایک بار اسے دیکھنے کے بعد بار بار آنے پر مجبور ہوتے ہیں. اس ضمن میں سموار کے روز محمد علی فاروق غیبیہ کی قیادت میں آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس اکیڈمی لاہور کے زیرِ تربیت آفیسرز نے گورنر ہاؤس کوئٹہ کا دورہ کیا جن کا استقبال پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی اور دیگر آفیسرز نے کیا. اس موقع پر آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس اکیڈمی لاہور کے زیرِ تربیت آفیسرز کو گورنر ہاؤس کی شاندار تاریخی عمارت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی. گورنر ہاؤس کے مختلف حصوں کے دورے کے موقع پر ارکان نے کئی سوالات بھی کیے جن کے تفصیلی جواب دیے. زیر تربیت آفیسرز نے تقریباً ایک سو پچاس سالہ پرانی عمارت اور درختوں اور پودوں کی بہترین دیکھ بھال کرنے پر گورنر ہاؤس اینڈ سیکرٹریٹ کے تمام گزشتہ اور موجودہ آفیسرز اور عملے کی انتھک کاوشوں کو سراہا