اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درج کیے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت میں 31جنوری تک توسیع کردی گئی۔اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے عمران خان کےخلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کردی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت کے سامنے پیش ہوئے، جس دوران عدالت نے عمران خان کی جانب سے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے بابر اعوان کے وکیل سے استفسارکیاکہ 31 جنوری کو عمران خان عدالت آجائیں گے؟ جس پر وکیل بابراعوان نےکہا جی اب عمران خان بہتری محسوس کر رہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 31 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔