لاہور ( نمائندہ خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کی رمضان شوگر ملز کو فوری چلانے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کردی۔ہائی کورٹ میں شریف خاندان کی ملکیتی رمضان شوگر ملز کو عدالتی حکم کے باوجود لائسنس جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت عالیہ میں جسٹس شاہد کریم نے رمضان شوگر ملز چلانے کیلئے فوری حکم جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو آج بروز منگل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار سے کہا کہ پہلے محکمہ ایکسائز کا موقف سن لیں پھر حکم جاری کرینگے، آپ نے توہین عدالت کی درخواست دائر کیوں نہیں کی۔سرکاری وکیل نے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت کی استدعا کی تو جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ دیگر ممالک میں جان بوجھ کر تاخیر کرنے پر نقصان کا معاوضہ دیا جاتاہے۔درخواست گزار نے کہا کہ رمضان شوگر ملز نے لائسنس کے حصول کے لیے تمام شرائط پوری کیِں مگر سیاسی بنیادوں پر اسے لائسنس جاری نہیں کیا جا رہا، رمضان شوگر ملز ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہے اور تمام قوانین کو پورا کررہی ہے، عدالت درخواست گزار کمپنی کو لائسنس کی فراہمی کا حکم دے۔ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو آج بروز منگل ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی ۔