کراچی(نمائندہ خصوصی)رواں سال شہر میں مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوسکتی ہیں جب کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 3 ماہ پر محیط رہے گا۔محکمہ موسمیات نے مون سون آﺅٹ لک 2022 جاری کر دیا جس کے مطابق پاکستان میں اس سال مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہوں گی جبکہ شہر میں بھی اس سال مون سون کی بارشیں معمول سے قدرے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔شہر میں مون سون سیزن (جولائی، اگست اورستمبر)کی اوسط بارش 131.9 ملی میٹر ہوتی ہے جبکہ رواں سال مون سون بارشیں 140 ملی میٹر ہوسکتی ہیں، رواں سال اپریل، مئی اور جون میں درجہ حرارت کا معمول سے زیادہ رہنا بھی مون سون بارشوں میں اضافہ کا ایک سبب ہے۔
شہر میں پری مون سون کی ابتدا رواں ماہ کے دوسرے ہفتہ متوقع ہے اور مون سون بارشیں جون کے آخری ہفتہ میں متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحر اوقیانوس اور بحر عرب میں سمندر کے درجہ حرارت معمول سے کم ہیں، سمندر کے درجہ حرارت کم ہونے سے لانینا ایکٹو ہے،لانینا کی موجودگی میں مون سون زیادہ متحرک ہوتا ہے،لانینا کے دوران زیادہ بارشیں ہوتی ہیں، مون سون کے دو فیز ہونگے،پہلا فیز 1 جولائی سے 15 اگست تک ہو گا، دوسرا فیز 15 اگست سے 31 ستمبر تک ہوگا،پہلے فیز میں بارشیں بہتر ہوں گی۔