کراچی( نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات دین اسلام سے دوری کا نتیجہ ہیں ، ہمیں اپنے اسلاف کے طے کردہ اصولوں پر عمل پیرا ہو کر مشکل حالات سے نبرد آزما ہونے کی اشد ضرورت ہے، اس ضمن میں علما ئے کرام قوم کی درست سمت کا تعین کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی وحدت امت کانفرنس میں شرکت کے موقع پر کیا۔ گورنر سندھ نے داعی اتحاد بین المسلمین سید جواد نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسز سے نہ صرف اسلامی ،معاشرتی اور سماجی مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے بلکہ معاشرہ میں پیدا ہونے والی خرابیوں کے بارے میں علم ہوتا ہے، جبکہ معاشرہ کی خرابیوں کے فوری تدارک سے مستقبل میں کسی بھی بڑے سانحہ ، حادثہ اور واقعہ سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ علمائے کرام نے ہر دور میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور اسی اتحاد ، ہم آہنگی، رواداری اور جذبہ ایثار کے ذریعہ ہم ہر قسم کے چیلجز سے نمٹ سکتے ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اخلاص کے ساتھ معاملات طے کرنے سے معاشرے کی بہت سی خرابیوں سے بچا جا سکتا ہے ، کیونکہ معاشرہ میں عدم برداشت بہت سی خرابیوں کو جنم دیتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں ہر معاملہ میں اسلامی ضابطہ حیات کو سامنے رکھنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام میں رنگ و نسل ، زبان ، قومیت اور علاقائی تعصب کی کوئی اہمیت نہیں ہے ، اس لئے تمام تعصبات سے خود کو دور رکھیں، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آج کے دور میں اسلام کے پیغام محبت کو عام کرنے کی ضرورت سب سے زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔