لاہور(بیورو رپورٹ )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے دنیا نئے سال کا جشن منا رہی ہے، پاکستانی رو رہے ہیں، آٹے کے لیے شہر شہر قطاریں، نوجوان مزدوری کی تلاش میں فٹ پاتھوں پر یا ملک سے باہر جانے کے لیے ائر پورٹس پر ملیں گے، تاجر پریشان ہیں، غربت مہنگائی سے ہر پانچواں پاکستانی ڈپریشن میں، چترال سے کراچی تک شاید ہی کسی پاکستانی کے چہرے پر مسکراہٹ نظر آئے، لوگ زندہ لاشیں بن گئے،گھر ویران، بچے سکولوں سے باہر، بڑے شہر کچرے کا ڈھیر، لوگوں کو صاف پانی تک دستیاب نہیں۔ نام نہاد بڑے لیڈران، ججز ، جرنیل ، بیوروکریٹ ارب پتی ، عوام راشن کے لیے ترس رہے ہیں، پھر بھی عوام سے ہی قربانی مانگی جاتی ہے،کیا ارب پتی اشرافیہ خود بھی کبھی قربانی دے گی، حکمران اپنی مراعات اور پروٹوکول کم کرنے کو تیار نہیں۔ چند نام نہاد بڑے لیڈروں کی ناجائز دولت قومی خزانہ میں جمع ہوجائے تو ملک کاقرضہ اتر جائے۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا نے مل کر وسائل سے مالا مال پاکستان کو محرومیوں کا قبرستان بنا دیا۔ حکمران استعمار کے وفادار ہیں، یہ ایک بیان واشنگٹن کے خلاف دیتے ہیں اور دوسرے لمحے منتیں کرنے امریکی سفارتخانہ میں چلے جاتے ہیں۔عوام مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک کا حصہ بنے، قوم اپنے حق کے لیے کھڑی ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال ٹاو¿ن لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ،امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری،خالد احمد بٹ،احمد سلمان بلوچ،عثمان بٹ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔