کراچی(نمائندہ خصوصی)شہر قائد میں ہونے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، لوڈ شیڈنگ سے مسثتنیٰ علاقوں میں بھی 3 سے 6 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ رات گئے ہونے والی لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہیں۔اس کے علاوہ کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے جس کے تحت 12 سے 14گھنٹوں تک بجلی بند کی جارہی ہے۔
شہر میں ریونیو جوڈیشل سوسائٹی، لیاقت آباد سی ون ایریا، گلستان جوہر بلاک سیون، لیاری، کیماڑی اور ماڈل کالونی شیٹ سیون میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔شہر میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی بند کی جارہی ہے۔شہریوں نے بتایاکہ دن بھر میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے بعد رات گئے بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے۔دوسری جانب کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے پر بھی صارفین کو معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔