کراچی( نمائندہ خصوصی )سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ آنے والا وقت ہمارے شہر، صوبے اور ملک کیلئے بہتر ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت نیبر ہوڈ پروگرام کے تحت کئی منصوبے مکمل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز اسکوائر، ملیر اور مچھلی چوک پر منصوبے مکمل کیے، ککری گراﺅنڈ میں باکسنگ رنگ کا افتتاح کیا، لانڈھی اور ملیر میں کھیل کے میدان اور پارکس کو بہتر بنا رہے ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام کررہے ہیں۔سابق ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ نہر خیام کے اطراف یہ دو کلو میٹر طویل پیڈسٹرین ٹریک بنایا گیا ہے، بوٹ بیسن آنے والے شہری یہاں ٹھل سکتے ہیں، اس کے علاوہ دو پارکس بھی بہتر بنائے ہیں، یہاں گل مہر اور نیم کے درخت لگائے ہیں، تاکہ یہ روڈ ہرا بھرا نظر آئے، شہریوں میں یہ احساس اجاگر کرنا ہے کہ ان منصوبوں کی حفاظت بھی کرنی ہے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ انشا اللہ کراچی نیبرہوڈ پراجیکٹ کے تحت سارے منصوبے مکمل ہو رہے ہیں، حکومت نے اپنا کام کردیا ہے شہری اپنا کردار ادا کریں۔سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ بلدیاتی انتخاب کیلئے جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، متحدہ نے احتجاج کیا، کاش یہ احتجاج کام کیلئے بھی کرتے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کروائیں تو بھی لوگ خوش ہوں گے نہیں کرواتے تو بھی لوگ خوش ہوں گے، آئینی حکومت ہے، ہم سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کروانے کے پابند ہیں۔مرتضی وہاب نے کہا کہ جماعت اسلامی کہہ رہی ہے کہ ہم تبدیلی لانا چاہتے ہیں، سڑک کھود کر فٹ پاتھ پر قبضہ کر کے کونسی تبدیلی آرہی ہے، مہنگائی کی موجودہ صورتحال سیلاب کے باعث ہے۔