اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر نوید صادق شہید کی اہلیہ،بیٹے اورصاحبزادی سے ملاقات کی جس میں شہید کے فاتحہ خوانی کی اور شہید نوید صادق کو ہلال شجاعت اور شہید انسپکٹر ناصر عباس کو ستارہ شجاعت دینے کا اعلان کیا۔جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آئی ایس آئی کے شہید ڈائریکٹر نوید صادق کے گھر پہنچے جہاں نوید صادق شہیدکی اہلیہ،بیٹے اورصاحبزادی سے ملاقات کی،ملاقات میںوزیراعظم نے نوید صادق کے اہل خانہ سے ہمددردی کا اظہارکیااورشہیدکیلئے فاتحہ خوانہ بھی کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے شہید نوید صادق کو ہلال شجاعت اور شہید انسپکٹر ناصر عباس کو ستارہ شجاعت دینے کا اعلان کیا۔اس موقع پروزیراعظم شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوید صادق شہید اور ناصر عباس شہید پر پوری قوم کو فخر ہے، ہمارے شہدا نے وطن عزیز کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کےلئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نوید صادق نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مثالی خدمات انجام دیں۔