کراچی(نمائندہ خصوصی) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ اور نادرا کے مابین گاڑیوں کے مالکان کی بائیو میٹرک تصدیق سے متعلق ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدہ پر دستخط کی تقریب ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ کے دفتر میں ہوئی۔ تقریب میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ عاطف رحمان اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اورنگ زیب پنھور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ معاہدے پر محکمہ ایکسائز سندھ کی جانب سے ڈائریکٹر ایکسائز ایڈمن وحید شیخ اور نادرا کی جانب سے ہیڈ آف ای- گورنمنٹ سلمان ملک نے دستخط کئے. معاہدہ گاڑیوں کے خرید و فروخت مالکان کی بائیو میٹرک تصدیق کے سلسلے میں ہے۔نادرا سہولت پروگرام کے تحت گاڑیوں کے مالکان کی تصدیق کا عمل کی شروع کرے گی۔پہلے مرحلے میں یہ معاہدہ تین سال کے لئے کیا گیا ہے۔اس معاہدے کے تحت جعلی کاغذات پر چلنے والی گاڑیوں .بغیر ٹرانسفر اور اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ اور نادرا کے مابین معاہدے پر دستخط سے متعلق صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چالہ نے اس معاہدے کو سندھ کی عوام کو سہولت فراہم کرنے کی طرف ایک اور قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دور جدید میں بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے بہت سے مسائل کا خاتمہ ممکن ہوا ہے اور یہ معاہدہ محکمہ ایکسائز سندھ کو جدید خطوط پر استوار کرنے بہت مددگار ثابت ہو گا ۔