اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی حکومت نے مدارس کے اتحاد ،اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ کے مطالبات تسلیم کرلئے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف سے مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں دینی مدارس کے رہنماوں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ،وفاقی حکومت نے مدارس کے اتحاد ،اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ کے مطالبات تسلیم کرلئے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت مدارس کی رجسٹریشن کے لئے قانون میں ترمیم لانے پر آمادہ ہوگئی ،رجسٹریشن ایکٹ میں سیکشن 21کا اضافہ کیا جائے گا ۔ مجوزہ ترمیم کے مطابق رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم سے مدارس کی رجسٹریشن متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنرز کرسکیں گے ،وزیر اعظم نے وزارت قانون کو قانونی مسودہ جلد تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق دینی مدارس کی رجسٹریشن پر طاقتور اداروں کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ۔اس سے پہلے دینی مدارس کی رجسٹریشن وفاقی وزارت تعلیم اور صوبوں میں ہوتی تھی ،اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد دینی مدارس کی رجسٹریشن پر وفاق اور صوبوں میں کھینچا تانی جارہی رہتی تھی ،اب دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹیز ایکٹ کے تحت صرف متعلقہ ڈی سی کے پاس ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق دینی مدارس کے بینک اکاونٹس کھولنے پر بھی غیر اعلانیہ پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔