لاہور(نمائندہ خصوصی ) رواں مالی سال میں جولائی تا نومبر کے دوران پاکستان کی چاول کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں مجموعی طور پر باسمتی اور غیر باسمتی کے حجم کے اعتبار سے تقریباً30 فیصد اور مالیت میں تقریباً 11 فیصد کمی ریکار ڈ کی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا نومبر کے دوران باسمتی چاول کی برآمد ات میں حجم کے لحاظ سے 44 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ نان باسمتی اقسام میں حجم کے لحاظ سے 12 فیصد اور قیمت میں 5فیصد کی کمی ہوئی ۔پاکستان نے 210,184 میٹرک ٹن باسمتی چاول جولائی تا نومبر برآمد کیا جبکہ اسی سال 2021 کی اسی مدت میں 302,771 میٹرک ٹن کی برآمد ہوئی تھی۔پاکستان نے جولائی تا نومبر 2022 کے دوران 1.1 ملین ٹن نان باسمتی چاول برآمد کیے جو 2021 کی اسی مدت میں 1.235 ملین ٹن تھے۔پاکستان نے سال 2021-2022 میں طویل عرصے کے بعد برآمدات میں2.5 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کیا۔