اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )ملک میں مقامی گیس کی پیداوار میں خطرناک حد تک کمی ہونے لگی جس کے باعث مستقبل میں سستی گیس کی تشویشناک حد تک قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔ دستاویز کے مطابق مقامی اور سستی گیس کے کم ہوتے اعدادوشمار نے خطرے کی گھنٹی بجادی،گذشتہ 8 سالوں میں گیس کی پیداوار میں 1 ارب کیوبک فٹ کمی ریکارڈ کی گئی ۔ دستاویز کے مطابق پیداوار 2.63 ارب کیوبک فٹ سے کم ہوکر 1.6 ارب کیوبک فٹ رہ گئی، 2025 تک ملکی گیس کے ذخائر میں مزید کمی کا خدشہ ہے ۔ دستاویز کے مطابق آئندہ دو برسوں میں پیداوار میں 437 ملین کیوبک فٹ تک مزید کمی ہو جائے گی۔ دستاویز کے مطابق 2025 تک سوئی نادرن کی پیدوار 374 ملین کیوبک فٹ رہ جائے گی۔ دستاویز کے مطابق سوئی نادرن کی گیس کی اس وقت سپلائی 652 ملین کیوبک فٹ ہے۔دستاویز کے مطابق 2025 تک سوئی سدرن کی گیس سپلائی 789 ملین کیوبک فٹ تک ہونے کا خدشہ ہے ۔ دستاویز کے مطابق سوئی سدرن کی اس وقت گیس سپلائی 930 ملین کیوبک فٹ ہے،ملک میں تیل و گیس کے مزید ذخائر دریافت کرنا اشد ضروری ہے۔ دستاویز کے مطابق گیس کے نئے زخائر دریافت نہ کیئے گئے تو مقامی و سستی گیس ناپید ہو جائے گی۔