کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم سے صحافی بھی محفوظ نہیں رہ سکے، لٹیروں نے ایک دن میں 2 صحافیوں کو 2 دوستوں سمیت لوٹ لیا، ایک شہری نے ڈاکووں کا پیچھا کرکے پولیس کو ملزمان کی نشاندہی کی لیکن پولیس نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔پہلا واقعہ شارع فیصل پر ایف ٹی سی کے قریب پیش آیا جہاں پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان دن دِہاڑے سینئر صحافی سے موبائل فون، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیا لے اڑے، صحافی نے واقعہ کے خلاف ٹیپو سلطان تھانے میں درخواست جمع کرادی۔دوسرا واقعہ مقامی صحافی اور ان کے 2 دوستوں کے ساتھ گلشن چورنگی کے قریب پیش آیا، تینوں افراد کو 4 ڈاکووں نے موبائل فون، نقد رقم اور قیمتی اشیا سے محروم کردیا۔اس موقع پر فرار ہوتے ہوئے 4 ڈاکووں کا ایک شہری نے پیچھا کیا، ملزمان سچل تھانے کے قریب رکے تو شہری نے سچل تھانے کے اہلکاروں کو بتایا کہ ان سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکو ہوٹل میں بیٹھے ہیں لیکن سچل تھانے کے اہلکاروں نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن (سی آر اے)نے دونوں واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔سی آر اے کے صدر کاشف ہاشمی کا کہنا ہے کہ ڈاکووں سے شہر میں کوئی بھی محفوظ نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی صحافیوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکووں کو فورا گرفتار کروا کر لوٹا ہوا سامان برآمد کرائیں۔