کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں3لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی گئی۔جمعہ کووزیر اعلی سندھ مراد علیٰ شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میںکابینہ نے پاکستان ایگری کلچر اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ(پاسکو)سے3لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ فروری سے گندم خریداری کی تیاری شروع کریں، صوبے کے لیے 3 لاکھ گندم کی خریداری کا ذخیرہ نئی فصل کی بوائی تک ہوگا، وقت پر گندم خریدنے سے ہی ہدف پورا کر پائیں گے۔اجلاس میں منشیات کی روک تھام سے متعلق ایجنڈے پر بھی بحث کی گئی، کابینہ نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ساتھ منشیات بحالی کے 4 مراکز چلانے کے معاہدے کی توثیق کردی۔اجلاس میں کابینہ نے کراچی کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کو دہرایا۔ سندھ کابینہ کے اجلاس میں 1.7 ارب روپے سے نئی بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کابینہ نے 1.7 ارب روپے سے بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی۔محکمہ ٹرانسپورٹ رواں سال پیپلز بس سروس کے لیے 43 نئی بسیں خریدے گا۔ وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز بس سروس بہترین سروس دے رہی ہے۔صوبائی وزیر ثقافت سردار شاہ نے سیاحت کے لیے بسیں چلانے کی بھی درخواست کی جس پر وزیر اعلی نے انہیں اپنی تجویز لکھ کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔سردار شاہ کا کہنا تھا کہ مجوزہ بسیں کینجھر جھیل اور دیگر سیاحتی مقامات کے لیے چلائی جائیں گی۔سندھ کابینہ نے بلدیاتی کونسلز کے لیے مخصوص نشستوں کی منظوری دے دی۔سندھ کابینہ کے فیصلے کے مطابق یہ مخصوص نشستیں 6 کیٹیگریز کے لیے ہیں جن میں خواتین، نوجوان، مزدور، کسان، غیرمسلم، خصوصی افراد، مزدور اور ٹرانس جینڈر شامل ہیں۔سندھ کابینہ نے تخفیف غذائیت پروگرام کا کنٹرول پی پی ایچ آئی کو دینے کی منظوری بھی دی ہے۔سندھ کابینہ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اب غذائی قلت پروگرام کے یونٹ کو پی پی ایچ آئی چلائے گی۔سندھ حکومت نے ایکسلریٹڈ ایکشن پلان کے تحت غذائی ایمرجنسی پروگرام 2016 میں شروع کیا تھا۔محکمہ صحت نے ایکسلریٹڈ ایکشن پلان کے عالمی بینک کے اہداف کو حاصل کیا ہے۔