لاہور (نمائندہ خصوصی ) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقے جمعہ کے روز بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے جبکہ حد نگاہ بھی نہ ہونے کے برابر ہونے کے باعث اہم شاہراہوں سمیت موٹرویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا ۔ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو کو لاہور سے شیخوپورہ ، لاہور ملتان موٹر وے ایم تھری کو فیض پور سے رجانہ، موٹر وے ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور موٹروے ایم الیون کو لاہور سے سیالکوٹ تک شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ۔ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔دوسری جانب جی ٹی روڈ کومتعدد مقامات اور رنگ روڈ کو بھی شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی کے مطابق دھند کے باعث لاہور رنگ روڈ بھی بند کردی گئی ، رنگ روڈ اور موٹروے کا ٹریفک کا لوڈ ملتان روڈ، کینال روڈ اور راوی روڈ پر شفٹ ہوگیا ۔ان کاکہنا تھا کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے پہلے راستہ ایپ سے معلومات حاصل کریں۔