اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے کہا ہے کہ صارفین کو سیلولر کمپنیوں کے نیٹ ورکس کی وجہ سے ون ٹائم پاس ورڈ کے حصول میں مشکلات آرہی تھی جس کومدنظر رکھتے ہوئے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے فی الفور ان ٹار گٹڈ سبسڈی کیلئے وقتی طورپر ون ٹائم پاس ورڈ کا تا حکم ثانی خاتمہ کر دیا ہے،صارفین صرف اپنا اصل شناختی کارڈ دکھا کر ان ٹارگٹڈ سبسڈی حا صل کر سکتے ہے۔ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے مطابق وزیر اعظم ریلیف پیکیج کے تحت عوام کی سہولت کیلئے ٹارگٹڈ اور ان ٹارگٹڈ سبسڈی کا آغاز کیا گیا تھا۔اس سبسڈی کے حصول کیلئے صارفین کیلئے لازمی قرار دیا گیا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر خریداری سے پہلے اپنا شناختی کارڈ نمبر5566پر میسج کریں اور ون ٹائم پاس ورڈ حاصل کریں تاہم مشکلات آرہی تھی۔ترجمان کے مطابق پی ٹی اے اور این ٹی سی کیساتھ مل کر اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے کوشاں ہیں ۔