اسلام آباد(بیورو رپورٹ )
افغانستان میں زیر تعلیم پاکستانی طالبات کے ایک وفد نے جمعہ کو وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی۔وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے افغانستان میں زیر تعلیم پاکستانی طالبات کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انجینئر امیر مقام نے افغانستان میں تعلیم جاری رکھنے سے قاصر 105 طالبات کے پاکستان میں داخلے کے لیے وزیراعظم کو خط لکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ اس معاملے کو وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں بھی اٹھائیں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یوکرین میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کو بھی اسی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔اس موقع پر طلباء کے والدین بھی موجود تھے۔ طلباء اور ان کے والدین نے اس سلسلے میں کوششیں کرنے کی یقین دہانی پر وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔