اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں 3 ماہ سے اومیکرون کے ایکس بی بی ویرینٹ کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا این سی او سی کورونا صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت نے نئے کورونا سب ویرینٹ کی موجودگی کی تصدیق کردی۔قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ ) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 3 ماہ سے ملک میں اومیکرون کا ایکس بی بی ویرینٹ موجود ہے تاہم این سی او سی کورونا صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔خیال رہے کراچی میں کل سےاب تک کورونا کی نئی قسم ایکس بی بی اور ایکس بی بی ون کے چھ کیس رپورٹ ہوچکےہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق یہ کیسز ڈیفنس شادمان، طارق روڈسمیت تین مقامات سےسامنے آئے ہیں۔اس کے علاوہ لاہور میں کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر ٹیکنیکل ورکنگ گروپ نے عمر رسیدہ افراد کو بوسٹر ڈوز لگانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈاکٹروں اوربیرون ملک سفرکرنے والوں کوبھی بوسٹرڈوز لگائی جائے گی۔