کراچی (نیٹ نیوز)یوٹیوبر عادل راجا کی جانب سے اداکارائوں پر سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات بھی ساتھی اداکارائوں کی حمایت میں آگئیں اور انہوں نے بھی فنکاروں کے خلاف مہم کی شدید مذمت کی۔عادل راجا نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ انہیں ذرائع نے بتایا ہے کہ
پاکستان کی ٹاپ ماڈلز و اداکارائوں کو سابق اعلیٰ فوجی افسران اور سیاستدانوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارائوں کو جب سیاستدانوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا تو اس وقت ان کی نامناسب ویڈیوز بنائی جاتی تھیں۔انہوں نے کسی اداکارہ یا ماڈل کا واضح نام لیے بغیر ان کے ناموں کے ابتدائی انگریزی حروف بتائے تھے۔انہوں نے بتایا تھا کہ چار ٹاپ ماڈلز و اداکارائوں میں ایک ‘ایم کے’ (MK) دوسری ‘کے کے’ (KK) تیسری ‘ایم ایچ’ (MH) اور چوتھی ‘ایس اے’ (SA) ہیں۔اداکارائوں سے متعلق بات کرتے وقت عادل راجا کچھ پریشان ہوگئے تھے اور ان کی زبان بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔ان کی جانب سے اداکارائوں پر الزامات لگانے کے بعد اداکارہ کبریٰ خان، سجل علی اور مہوش حیات نے انہیں کرارا جواب دیا تھا جب کہ کبریٰ خان نے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔سجل علی، مہوش حیات اور کبریٰ خان کی جانب سے عادل راجا کو جواب دیے جانے کے بعد دیگر شوبز شخصیات بھی ان کی حمایت میں آگئیں اور انہوں نے اداکارائوں کے خلاف مہم کی شدید مذمت کی۔